خضدار میں زلزلے کی تباہ کاریاں، نقصانات کی رپورٹ جاری

7  مئی‬‮  2022

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناجی میں درمیانے درجے کی شدت کے زلزلے سے 80 مکانات منہدم ہونے کے باعث 200 سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خضدار میں جمعے کے روز 5.2 شدت کا زلزلہ صبح 11بجکر 55منٹ پر علاقے میں آیا، جس کا مرکز اورناجی کے قریب واقع تھا۔

متعلقہ حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے آدھے منٹ تک محسوس کئے گئے جس سے لوگ اپنے گھروں سے باہر بھاگنے پر مجبور ہو گئے، بڑے جھٹکوں کے بعد علاقے میں مختصر وقفوں سے آفٹر شاکس آتے رہے۔

خضدار کے ڈپٹی کمشنر میجر ریٹائرڈ الیاس کبزئی نے بتایا ہے کہ اورناجی کا ایک وسیع علاقہ زلزلے سے متاثر ہوا جس میں 80 سے زائد مکانات منہدم جبکہ 260 دیگر مکانات میں دراڑیں پڑ گئیں، انہوں نے مزید کہا کہ تباہ ہونے والے زیادہ تر مکانات مٹی سے تعمیر کئے گئے تھے۔

الیاس کبزئی کا مزید کہنا تھا  کہ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی کیونکہ زیادہ تر لوگ اپنے گھروں سے باہر اپنے معمول کے کاموں میں مصروف تھے جبکہ جو لوگ گھر کے اندر تھے، وہ جھٹکے شروع ہوتے ہی اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے مقامی انتظامیہ اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر مؤثر ریلیف آپریشن شروع کیا جائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved