رانا ثناءاللہ کے گھر میں نظر بند کرنے کے بیان پر شیخ رشید کا ردعمل سامنے آ گیا

7  مئی‬‮  2022

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ہمیں آج ہی اٹھوا لیں۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے پہنچے، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کر لیں، ہم بڑے دل کے لوگ ہیں، دوبارہ آ کر بھی ان کو معاف کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا  کہ ان کے چہرے دیکھیں، یہ کہتے ہیں کہ گھروں سے نکال کر ماریں گے، سب جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں مگر  ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے میرا تعلق نہیں،  میں صرف عمران خان کو سپورٹ کرتا ہوں۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ملک تشویش ناک حالات میں جانے لگا ہے، 31 مئی تک اہم ہے، ملک کو بچانے کیلئے ہمیں الیکشن کی تاریخ چاہیے۔

یاد رہے کہ آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اسی طرح انارکی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، پنڈی کا شیطان ایک طرف تو کہتا ہے کہ جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی زیور ہے، دوسری طرف ضمانتیں کرواتا پھرتا ہے، اس نے ہائی کورٹ سے ضمانت کیوں کروائی، تم کہتے ہو لانگ مارچ خونی ہوگا، اگر تم نے اپنا بیان واپس نہیں لیا اور اسے پرامن لانگ مارچ نہ کہا تو میں تمہیں گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، حکومت کو یقین دہانی کراؤ کہ لانگ مارچ پر امن ہوگا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved