وزیر اعظم کے مشیر برائے آزاد کشمیر و گلگت و بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔
لاہور – (اے پی پی): مشیر برائے آزاد کشمیر و گلگت و بلتستان قمر زمان کائرہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے معاملات میں بگاڑ پیدا کیا ہوا ہے ،آئندہ ہم نے اکھٹے چلنا ہے اس پر حمزہ شہباز سے مشاورت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی افہام و تفہیم سے چلیں گے، وزارتوں کا معاملہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے،ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا،پی پی کوئی بڑا مطالبہ نہیں رکھ رہی۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وزارتوں کا معاملہ بھی باہمی مشاورت سے کریں گے،پی پی اپنا شیئر نہیں مانگ رہی۔تحریک انصاف کے متعلق انہوں نے کہا کہ ان کا کیا مقابلہ کرنا،یہ اب عدالتوں میں جاکر مقابلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیر داخلہ کا بھی کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کے صرف 6 دن باقی رہ گئے ہیں، اس کے بعد مسلم لیگ ن کا گورنر تعینات کیا جائے گا۔