پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کر لو، 20 لاکھ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔
ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین کہتے ہیں کہ گرمی بہت زیادہ ہوگئی ہے، لوگ نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں جب 20 تاریخ کے بعد جب اسلام آباد کی کال دوں گا، آپ جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں، بیس لاکھ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے اپنے نوجوان کارکنان کے متعلق کہا کہ انہیں تو گرمی ویسے ہی کچھ نہیں کہتی، لیکن میری بہنیں بھی گرمی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، انہیں بھی گرمی کچھ نہیں کہتی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کو آپ کے جنون کا خوف ہے ،اسلام آباد میں انسانوں کا جنون آنے والا ہے، اسلام آباد میں صرف ایک ہی آواز ہوگی امپورٹڈ حکومت نا منظور، یہ امریکا سے سازش کرکے ہمارے اوپر بیٹھے ہیں، انھیں پاکستانی قوم کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں صرف ایک لوٹا نکلا، ابھی تک اس نے پشاور آنےکی جرات نہیں کی، یہ لوٹے جدھر بھی جائیں گے، دو نعرے لگیں گے، ایک ضمیرفروش چور، دوسرا نعرہ غدار کا لگے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوٹرل بننے کی اللہ نے ہمیں اجازت نہیں دی، بار بارکہتا ہوں کہ نیوٹرل جانور ہوتے ہیں، انسان نے اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے۔