سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کل مریم نواز نے جلسے میں جنرل فیض کا نام لیا، فوجی کہاں سوئے ہوئے تھے؟
ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوامی لیگ کا کہنا تھا کہ کل مریم نے جنرل فیض کا نام لیا اب یہ فوجی کہاں سوئے ہوئے تھے؟
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھے اور عمران خان کو 4 ماہ پہلے سے علم تھا کہ باپ کا باپ کون ہے اور اس باپ کو کس باپ نے اکٹھا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو غیر ملکی سازش کا نشانہ بنایا گیا، عوام اس حکومت کے خلاف عمران خان کی کال پر اسلام آباد کیلئے نکلیں، یہ پاکستان کی زندگی اور موت کی تحریک ہے، پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کروانا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں حالات سے باخبر ہوں، میں جانتا ہوں کہ یہ آگ بہت دور تک جا پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر مقدمہ بنا لیں میں ان سے نہیں گھبراتا، میں نے ہری پور میں بھی ایک سال جیل کاٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چور اور لٹیرے کابینہ میں بیٹھ گئے ہیں، خلیجی ممالک میں ان کو عزت نہیں ملی، جس پر فرد جرم عائد ہو رہی تھی وہ وزیراعظم بن گیا۔ بہت جلد دونوں شریفوں کی قسمت میں بڑی جیل لکھی ہے، اس وقت تمام سیاسی جماعتیں ساری پارٹیاں الیکشن کے لئے تیار ہیں، صرف آصف زرداری راضی نہیں۔