پی ٹی آئی کی حمزہ شہباز کی حلف بر داری کیخلاف اپیل پر لا ہور ہائی کورٹ نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی نے 5 رکنی لارجر بنچ تشکیل دیا ہے جس کی سربراہی جسٹس صداقت علی خان کریں گے۔ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے یہ بینچ تشکیل دیا ہے۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے چیف جسٹس سے لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے حمزہ شہباز سے حلف کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو نامزد کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو نامزد کرنے کا فیصلہ چیلنج کیا ہے۔
یاد رہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ حمزہ شہباز شریف کے حلف سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئےسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اسمبلی میں توالیکشن ہی نہیں ہوا،اسی لیے عدالتوں میں انصاف لینے گئے، فیصلہ آیا ہے اس کو چیلنج بھی کریں گے، گورنرپنجاب کا بھی مجھے فون آیا ہے، صدر مملکت، گورنر پنجاب بھی آئین کے تحت کام کر رہے ہیں، انا کی جنگ سے معاملہ کہیں اور جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپیکرقومی اسمبلی کس فورم پر جا کر حلف لے گا؟ ایسے حلف تو سڑکوں پر نہیں ہوتے، الیکشن کا فورم اسمبلی تھا، حلف گورنرہاؤس ہونا ہوتا ہے، صبح عدالتیں کھلیں گی تو وکلا جا کر پیش ہوں گے، ایسے تھوڑا ہو گا ایک دم سارا کچھ ختم ہوجائے گا۔ یہ نہیں ہوسکتا گھربیٹھے ہی حلف ہوجائے۔ صبح عدالتیں کھلیں گی توفیصلہ چیلنج ہونا ہے۔