پیپلزپارٹی کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل کو اسپیکر سے بدتمیزی مہنگی پڑ گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قادر مندوخیل کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان پر ایک دن کیلئے کے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔پابندی کا اطلاق 19 نومبر کے اجلاس پر ہو گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی @AsadQaiserPTI کا مجلسِ شوریٰ کے اجلاس کے دوران ایوان میں غیر پارلیمانی رویہ اختیار کرنے پر پی پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل کے خلاف کارروائی۔
قادر خان مندوخیل کے قومی اسمبلی کے احاطے میں داخلے پر پابندی۔
یہ پابندی 19 نومبر کے اجلاس کے لیے ہوگی۔— National Assembly of Pakistan🇵🇰 (@NAofPakistan) November 18, 2021
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر نے یہ کاروائی قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے رولز کے تحت ان کو تفویض اختیارات کے تحت کی ہے۔
یاد رہے کہ کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خطاب کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے مشیر پارلیمانی امور کو انتخابی اصلاحات کا بل پیش کرنے کو کہا، جس پر اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو تقریر کا موقع دینے پر اصرار کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انہیں بل پیش کرنے کا بعد موقع دیتا ہوں، جس پر اپوزیشن اراکین اسمبلی نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤکر لیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادرمندوخیل نے اسپیکر قومی اسمبلی سے بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے قادرمندوخیل کی بدتمیزی پر انہیں اجلاس سے نکلنے کا حکم دیا اور سارجنٹ کو طلب کرلیا۔
اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو تقریر کا موقع دیتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کے چیئرمین ہیں، اپنے رکن اسمبلی کے نامناسب رویے کا نوٹس لیں۔
کل کے واقعے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے آج ایکشن لیتے ہوئے قادر مندوخیل پر ایک دن کی پابندی عائد کی ہے۔