سپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے کہاہے کہ قائم مقام گورنر کا چارج نہیں سنبھالا ، آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے ۔
چوہدری پرویز الہی کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں سرکاری امور کی سرانجام دہی جاری ہے، تاہم تاحال چوہدری پرویز الہی نے قائم مقام گورنر کا چارج نہیں سنبھالا۔چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے، آئین اور قانون کے مطابق ہی امور سرانجام دیں گے۔ غیر آئینی اقدامات کی فیکٹری حکومت نے لگا رکھی ہے۔
یاد رہے گزشتہ رات گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو انکے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویثرن نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی تھی۔صدر عارف علوی نے کہا کہ گورنر پنجاب کو صدر پاکستان کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جا سکتا،آرٹیکل 101 کی شق 3 کے مطابق گورنر صدر کی رضا مندی تک عہدے پر قائم رہے گا۔