صدر مملکت نے سابق وزیراعظم عمران خان کا غیر ملکی سازش سے متعلق خط موجودہ وزیراعظم اور چیف جسٹس سپریم کورٹ کو ارسال کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے بااختیار عدالتی کمیشن قائم کرنے کی سفارش کردی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خط کا جواب دے دیا ،جس میں ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت میں تبدیلی لانے کیلئے مبینہ سازش کی تحقیقات پر زور دیا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ حکومت میں تبدیلی کی مبینہ سازش کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے ،عوام کو وضاحت دینے اورمعاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے حالات پر مبنی شواہد رکارڈ کرنے کی ضرورت ہے ۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر کی طرف سے بھیجی گئی سائفر کی کاپی پڑھی ہے،سائفر میں ڈونلڈ لو کیساتھ پاکستانی سفارتخانے میں ہونے والی ملاقات کی باضابطہ سمری موجود تھی۔سائفر میں مسٹر لو کے بیانات شامل ہیں ،جن میں وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی تحریک کا ذکر کیا گیا ہے ۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ عمران خان کا خط وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس کو بھیج رہا ہوں، چیف جسٹس معاملے کی تحقیقات اور سماعت کے لیے بااختیار عدالتی کمیشن قائم کریں۔