مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ملک میں جلد عام انتخابات کے مطالبے کی حمایت کر دی ہے۔
صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی کو بدبو دار ٹوکرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کو یہ ٹوکرا سر پر اٹھانےکی ضرورت نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنی خرابی عمران خان کرکے چلےگئے ہیں، اس کو راستے پر لانا دو تین مہینے کا نہیں بلکہ دو تین سال کا کام ہے، عمران خان کو عوام میں جانے دو، عوام خود پوچھ لیں گے کہ ملک کا برا حال کیوں کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا ن لیگ سےکہتی ہوں کہ عمران کی بری کارکردگی کلنک کا ٹیکا ہے، اسے منہ پرلگانےکی ضرورت نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی فوج،کبھی عدلیہ اور کبھی میڈیا کو برا بھلا کہتے ہیں، کبھی کیس کو میر جعفر قرار دیتے ہیں ، عمران خان کی غلاظت کا ٹوکرا فوج کیوں اٹھائے؟ یہ ٹوکرا عمران خان کو ہی اپنے سر پر اٹھانا پڑےگا ۔
واضح رہے کہ آج خواجہ آصف کا بھی اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان نے جو تباہی مچائی ہے، اس کی ذمہ داری ہمارے اوپر کیوں آئے، ہم چاہتے ہیں کہ اصلاحات کے بعد الیکشن کی طرف جائیں۔