وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کرنے پر تمام اتحادی سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے، انتخابی اصلاحات کے حوالے سے خواجہ آصف،مریم نواز شریف اور آصف علی زرداری ایک پیج پر ہیں۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم غریب آدمی کو بچانے کیلئے معاشی پروگرام بنا رہے ہیں، عمران خان کا سبسڈی پیکج غیر ذمہ دارانہ تھا، ملک کے غریب اور متوسط طبقہ کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے آئی ایم ایف کو قائل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے کوئی مناسب لائحہ عمل طے کرنے تک قیمتوں میں اضافہ نہیں کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے غریب آدمی کی حالت زار کو بہتر بنانے کے حوالے سے پروگرام مرتب کر رہی ہے، حکومت ملک اور عوام کو درپیش معاشی صورتحال سے نکالنے کے لئے کوشاں ہے۔