چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا کہ عدم اعتماد سے ایک رات قبل مجھے پیغام پہنچایا گیا کہ فوری انتخابات مانیں ورنہ مارشل لاءہوگا۔
قومی اسمبلی میں اظہر خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عدم اعتماد سے ایک رات قبل وزیر کے ذریعے حکومت نے دھمکی مجھ تک پہنچائی فوری انتخابات مانیں ورنہ مارشل لاءہوگا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے بہت مشکل حالات دیکھے ہیں ، پاکستان کی جمہوریت اور آئینی اداروں کو متنازعہ بنا دیا گیا ہے ، 2018 کے انتخابات میں بد ترین دھاندلی کی وجہ سے ایک حکومت ملک پر مسلط کی گئی ، ماضی میں کبھی کسی سلیکٹڈ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ، ہمیں اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہئے تھا ، ملک میں اداروں پر حملے کیے گئے ،ہمیں نظر انداز نہیں کرناچاہیے ،ہمیں غیر آئینی اور غیر جمہوری عمل میں شامل افراد کے لیے کمیشن بنانا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ چار سال میں سابق وزیراعظم نے ملک میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس کو یاد رکھا جائے،سابق وزیراعظم آئین شکنی کرچکے ہیں ،سلیکٹڈ وزیراعظم کی وجہ سے ملک کو نقصان ہوا،اس وقت ملک میں ہر شعبے میں بحران ہے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سیاسی حریف رہ چکے ہیں ،کیا کوئی سوچ سکتا تھا کہ یہ جماعتیں اتحادی حکومت میں ایک ساتھ ہوں گی ،ایسے سیاسی حالات صرف تب ہوتے ہیں جب ملک میں جنگی حالات ہوں ۔