وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے درآمد کئے گئے موبائل فونز پر ٹیکس کی کمی کی تجویز دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس سینیٹر کہدہ بابرکی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری انچارج آئی ٹی نے بتایا کہ موبائل فونز پر ٹیکس کی کمی کی تجویزدی گئی ہے اور ایف بی آر سے درآمد شدہ فونز پر ٹیکس کم کرنے کا کہا ہے۔
اجلاس میں نمائندہ موبائل فون نے بتایا کہ 500 ڈالرز کے فون پر 80 ہزار روپے ٹیکس ہے، جس پر سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ یہ ٹیکس کم ہونا چاہیے۔
اس موقع پر سیکرٹری انچارج کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل فونزکی تیاری شروع ہوگئی ، جو بیرون ملک سے منگوائے جانے والے موبائل فونز کی نسبت سست ہیں
کمیٹی کو مختلف ویب سائٹس پر ہونے والے سائبراٹیکس کےحوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، وفاقی وزیر امین الحق نے بتایا کہ سائبراٹیک کی تحقیق کیلئےایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے، سائبراٹیک کےحوالےسےکمیٹی14دن میں اپنی رپورٹ دےگی۔