کراچی گند کا ڈھیر،شیم آن سندھ گورنمنٹ، چیف جسٹس گلزاراحمد

22  ستمبر‬‮  2021

آج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر نالہ متاثرین اور بحالی کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس گلزاراحمد نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ پورا کراچی گند سے بھرا پڑا ہے، ذرا سی بارش ہو تو شہر ڈوب جاتا ہے،  جس بلڈنگ کا کیس دیکھیں بدترین حالات نظر آتے ہیں، سڑکیں خراب ہوں، بچے مریں، جو مرضی ہوجائے یہ کچھ نہیں کرنے والے، یہ صرف پیسہ بنانے میں مصروف ہیں، یہی حال وفاقی حکومت کا ہے، سیاست کریں لیکن عوام کے مسائل بھی تو حل کریں۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین نے عدالت کو بتایا کہ 258 ایکٹر اراضی پر متاثرین کیلئے متبادل زمین مختص کردی ہے جہاں 6000 سے زائد گھر بنائے جائیں گے۔ بحریہ ٹاؤن سے واجبات کی رقم ملے گی تو منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ یہ تو آپ مشروط کر رہے ہیں۔ سلمان طالب الدین نے کہا سندھ حکومت کے پاس بجٹ کی کمی ہے۔ 60 ارب روپے اگر سپریم کورٹ ریلیز کردے تو کام شروع کر دیتے ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آپ ان پیسوں سے امید لگا کر بیٹھے ہیں جو ابھی ملے ہی نہیں، اگر سندھ حکومت کے پاس پیسے نہیں ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ حکومت فنکشنل ہی نہیں۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ اگر بحریہ ٹاون کے پیسے نہیں آتے تو پھر کیا کریں گے؟ اگر زلزلہ، سیلاب آجائے تو پھر ایک سال تک بجٹ کا انتظار کریں گے؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جب مہنگی گاڑیاں خریدنی ہوں تو پھر پیسے آ جاتے ہیں غریب کیلئے پیسے نہیں ہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سندھ حکومت متاثرین کو گھر نہیں دیتے عدالت انہیں وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس الاٹ کر دیتی ہے، متاثرین کو کہتے ہیں کہ وہاں ٹینٹ لگا لیں۔

شیم آن سندھ گورنمنٹ

چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ بتائیں زمینیں الاٹ کرنے والوں کے خلاف کیا ایکشن لیا گیا؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ یہ مسئلہ تو 40 سال پرانا ہے، وقت درکار ہو گا۔ چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، آپ کی ترجیحات ہی کچھ اور ہیں، کراچی تو گاربیج دکھائی دیتا ہے، کوئی دیکھنے والا نہیں، کسی کو کوئی پرواہ نہیں، شیم آن سندھ گورنمنٹ۔۔۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved