امیر تحریک لبیک حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ ریاست کے ذمہ داروں کو اپنی وفاداری سب سے پہلے ثابت کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سعد حسین رضوی نے ٹی ایل پی کے وزیرآباد میں پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے ذمہ داروں کو اپنی وفاداری سب سے پہلے ثابت کرنا ہوگی، ہم ملک و قوم سے وفا کرنے والے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میر جعفر اور میر صادق کے نعرے لگانے والے اپنا دور بھول گئے، ہمیں سیاسی، سماجی، معاشی، معاشرت سب باتیں آتی ہیں، امریکی سازش تو کیا ہونا تھی، عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں پاکستان پر عمران خان کے دور میں ظلم و ستم کی تاریخ رقم کی گئی، امپورٹڈ حکومت کا شور ڈالنے والوں کے اپنے وزراء بھی امپورٹڈ تھے، ملک و قوم کے غدار سے لندن میں جا کر الیکشن کی ڈکٹیشن لی جا رہی ہے۔
امیر تحریک لبیک حافظ سعد حسین رضوی نے مزید کہا کہ روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگانے والوں نے قوم کو دھوکہ دیا، تبدیلی کا منجن بیچ کر قوم کو رسوا کیا گیا۔