رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں یعنی سابق دور حکومت میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 10.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے9 ماہ کے دوران سالانہ کی بنیاد پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں10.4 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مارچ میں سالانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار 26.6 فیصد بڑھی جبکہ فروری کے مقابلے مارچ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 8.2 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال جولائی تا مارچ سالانہ بنیاد پر ٹیکسٹائل کی پیداوار 3.2فیصد بڑھی، لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار 157.5 فیصد ،تمباکو کی پیداوار میں 16.7 فیصد اضافہ ہوا ۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرنیچر شعبے کی پیداوار 301.8 فیصد ، مشروبات کی پیداوار 0.7 فیصد اور فوڈ مصنوعات کی پیداوار 11.7 فیصد بڑھی۔