فواد چوہدری نے کہا کہ این اے 133 اور دیگر ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کرے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر الیکشن کمیشن کے تمام اعتراضات دور کر دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ فیصلہ دے چکی ہے، اگلے انتخابات الیکٹرانک مشین پر ہوں گے، الیکشن کمیشن اگلے انتخابات کے لئےتیاریاں کرے، مشکلات دور کرلی جائیں گی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے تمام اعتراضات دور ہوچکے ہیں، اگر کوئی اور اعتراض ہے تو وہ بھی دور ہوجائے گا۔قانون بن گیا ہے اب عملدرآمد کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ اب الیکشن کمیشن ای وی ایم سے الیکشن کرانے سے انکار نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن آئین اورقانون کا پابند ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ دنیا میں بے شمار کمپنیاں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بناتی ہیں، الیکشن کمیشن اشتہار دے بہت سی کمپنیاں آجائیں گی۔فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ موبائل فون چلانے والے کو مشین کےلئے خاص ٹریننگ کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں بہت عرصے سے ای وی ایم استعمال ہورہا ہے لیکن آئی ووٹنگ نہیں ہے، انٹرنیٹ ووٹنگ کی سہولت دینے والا پاکستان پہلا ملک ہوگا، جس کا پروسیجر مکمل ہے۔
خیال رہے حکومت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور کلبھوشن سے متعلق بلز سمیت 33 بلز منظور کرانے میں کامیاب رہی جبکہ اپوزیشن نے اس دوران خوب شور مچایا اور واک آؤٹ بھی کیا۔