پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا، حکومتی ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج سیالکوٹ میں جلسے کیلئے ضلعی حکومت سے اجازت لی تھی۔جلسہ گاہ کا تعین انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے اتفاق رائے کے بعد کیا گیا تھا۔گزشتہ رات تک ضلعی انتظامیہ اور ہمارے کارکنان مل کر انتظامات کو حتمی شکل رہے تھے۔
ان کاکہنا ہے کہ رات تک سب ٹھیک چل رہا تھا، اوپر سے ایک فون آیا اور انتظامیہ کا رویہ تبدیل ہو گیا۔سمجھ سے بالاتر ہے کہ آج وہ ماحول کو خراب کرنے پر کیوں تلے ہوئے ہیں۔ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور انہیں بلاجواز گرفتار کیوں کیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ لندن جانے سے پہلے مسلم لیگ ن کی پالیسی کچھ اور تھی۔ میرے خیال میں یہ ایک نیا لندن پلان ہے جس پر عمل شروع کر دیا گیا۔ ہفتہ 10 دن پہلے انتظامیہ کہاں تھی؟ پنجاب کی انتظامیہ بلاوجہ نہ گھبرائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں قانونی حق سے نہیں روکا جاسکتا۔آج پنجاب میں ہمارا پہلا جلسہ منعقد نہیں ہو رہا۔ہم نے اٹک، جہلم، میانوالی میں پر امن جلسے منعقد کیے۔ کاکارکنان جلسے میں شرکت کیلئے نکلیں گے اور جلسہ شیڈول کے مطابق ہو گا۔عمران خان آج سیالکوٹ تشریف لائیں گے اور خطاب کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کارکنان پر کسی قسم کا تشدد کیا گیا تو اس کے ذمہ دار حمزہ شہباز اور ضلعی انتظامیہ ہو گی۔ہم اپنے پرامن احتجاج کے آئینی حق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔پھر کہہ رہا ہوں ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، قانونی اور آئینی فیصلے کریں۔ ہمارے گرفتار کیے گئے کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
گوجرانوالہ ڈویژن سے کارکنان سیالکوٹ پہنچیں عمران خان کی ہدائیت پر سیالکوٹ پہنچ رہا ہوں آج کا جلسہ حقیقی آزادی کی طرف ایک بڑا قدم ہے، خواجہ آصف جیسی گندگی سے سیالکوٹ کو پاک کرنا ہے باہر نکلو اپنی آزادی کیلئے۔۔ #امپورٹڈ_حکومت_نامنظور
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 14, 2022
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن سے کارکنان سیالکوٹ پہنچیں عمران خان کی ہدایت پر سیالکوٹ پہنچ رہا ہوں۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آج کا جلسہ حقیقی آزادی کی طرف ایک بڑا قدم ہے، خواجہ آصف جیسی گندگی سے سیالکوٹ کو پاک کرنا ہے باہر نکلو اپنی آزادی کیلئے۔