نظر ثانی کی درخواست مسترد، سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور گرانے کا حکم، جماعت اسلامی کی تنقید

22  ستمبر‬‮  2021

کراچی: نسلہ ٹاور گرانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی دائر شدہ درخواست پر آج کراچی سپریم کورٹ رجسٹری میں سماعت ہوئی۔ وکیل نسلہ ٹاور منیر ملک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر کراچی نے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں جھوٹ بولا، عدالت سروس لائن دیکھنے کیلئے خود کسی کو بھیج دے کہ سروس لائن پر تجاوزات قائم کی گئی ہیں یا نہیں، جس پر چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ کیا دیکھنے جائیں وہاں سروس لائن تو ہے ہی نہیں۔ آپ نقشہ دیکھ لیں سروس لائن ٹاور میں شامل کر دی گئی ہے۔ آپ صرف یہ بتا دیں کہ نسلہ ٹاور 780 گز سے 1120 گز کا کیسے ہوا؟  وکیل نسلہ ٹاورمنیر ملک نے کہاآپ دوبارہ  Inspection کروا لیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم کیوں Inspection کروائیں جب کہ تمام ڈاکیومنٹس ہمارے پاس موجود ہیں؟ منیر ملک نے کہا کہ اگر ہم نے سروس روڈ پر قبضہ کیا ہے تو گرا دیں۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاکہ کیا آپ نسلہ ٹاور کو جزوی طور پر گرا سکتے ہیں ؟ اگر گرا سکتے ہیں تو گرا دیں، آپ اب  پوری بلڈنگ بنا کر یہ سارے دلائل دے رہے ہیں؟  جسٹس اعجاز الاحسن نے منیر اے ملک سے کہا کہ عدالت آپ کے دلائل سے مطمئن نہیں۔

اگر میرا گھر غیرقانونی ہے تو اسے بھی گرا دیں، چیف جسٹس

وکیل منیر اے ملک نے کہا کہ اگر اس معیار پر عمارتیں گرانا شروع کر دیں تو پورا کراچی گر جائے گا۔ جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ کو اس سے کیا تکلیف ہے؟ منیر اے ملک نے جواب دیا کہ میرا اور آپ کا گھر بھی کراچی میں ہے، جس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ اگر میرا گھر بھی غیر قانونی ہے تو اسے بھی گرا دیں۔

سپریم کورٹ نے نظر ثانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو ایک ماہ میں نسلہ ٹاور خالی کرانے کا حکم دے دیا اور ڈائیریکٹر انٹی انکروچمنٹ، سندھ حکومت اور دیگر اداروں کو نوٹسز جاری کر دئیے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کوئی متبادل فراہم کئے بغیر نسلہ ٹاور گرانے کا حکم کیسے دے سکتی ہے؟ بنی گالا کوڑیوں کے مول ریگولرائز کردیا جاتا ہے اور اپنی جمع پونجی خرچ کر کے  تعمیر کرنے والے گھروں کو گرانے کا حکم دے دیا جاتا ہے، یہ کیسا انصاف ہے؟

آپ اصل مجرموں کو  کیوں چھوڑ دیتے ہیں، سوال تو آپ سے بھی ہو گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved