پشاور کے علاقے تھانہ سربند کی حدود میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا۔ مرنے والوں کا تعلق سکھ برداری سے ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ تھانہ سربند کی حدود بٹہ تل بازار میں کیا گیا ۔ مرنے والوں میں سلجیت سنگھ عمر 42 سال اور رنجیت سنگھ عمر 38 سال ہے۔حملے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچنگ کا عمل جاری ہے، جب کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں۔ اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان تک پہنچنے کیلئے ہیومن انٹیلی جنس سے بھی استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے، جلد ملوث ملزمان کو بے نقاب کر لیا جائے گا۔امدادی ٹیموں کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتولین کی بٹہ تل بازار میں مصالحہ دکانیں ہیں۔
واقعہ پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے بھی نوٹس لیا گیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ سکیں گے۔وزیراعلیٰ کے پی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری فوری عمل میں لائی جائے
پشاورمیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سکھ برادری کے دو افراد قتل
15
مئی 2022
