وزارت مذہبی امور نے حج قرعہ اندازی کے ذریعہ درخواستیں دینے والے 63 ہزار 604 درخواست گزاروں میں سے سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے 32 ہزار 453 خوش نصیب عازمین کے ناموں کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور کی جانب سے وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع نے سیکرٹری حج کے ہمراہ پریس کانفرنس کے بعد ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعہ حج 2022ء (1443ھ) کے عازمین کا اعلان کیا۔ پہلے تین خوش نصیب عازمین میں غلام حسین ساکن نارروال، آصف علی شاہ ساکن پشاور، خوج محمد ساکن پشین شامل ہیں۔ اس موقع پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ڈائریکٹر جنرل نے قرعہ اندازی میں وفاقی وزراء کی معاونت کی۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہوئے وہاں عبادت گاہوں اور خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر حاضری بھی متاثر ہوئی اور لوگ مقدس فریضہ سے محروم رہے، سعودی حکام نے 2020 اور 2021ء میں مقامی طور پر حج کا انعقاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال حج کے اختتام سے ہی آئندہ سال حج کی تیاری شروع ہو جاتی ہے لیکن سعودی حکام کی جانب سے حج تعلیمات کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک اپنی حج پالیسی وضع کرتے ہیں لیکن اس سال حج تعلیمات میں بہت زیادہ تاخیر ہوئی ہے اور ہمیں حج کی تیاری کیلئے صرف 7 سے 8 ماہ کا وقت ملا ہے جس کی وجہ سے وفاقی کابینہ حج کی پالیسی بھی منظور نہیں کرسکی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور اس وقت بھی سعودی عرب میں ہیں اور لازمی حج اخراجات ، حج تعلیمات اور دیگر پالیسی امور سے متعلق حتمی منظوری کے انتظار میں ہیں، حج ڈائریکٹوریٹ بھی مسلسل سعودی حکام سے رابطہ میں ہے، سعودی تعلیمات کے مطابق ہمیں حج تیاریوں کو مکمل کرنے کیلئے 15 شوال 1443ھ یعنی 16 مئی 2022ء کا وقت دیا گیا ہے ، ان مشکلات کے پیش نظر وفاقی وزیر مذہبی امور نے 29 اپریل کو تخفیف شدہ حج کوٹہ کے تحت 81 ہزار 132 کی تعداد کا اعلان کیا جس میں سرکاری سکیم کے تحت 40 فیصد اور پرائیویٹ سکیم کے تحت 60 فیصد عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔
یہ پریس کانفرنس وقت بچانے اور سعودی ڈیڈ لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی تھی اور یکم سے 13 مئی تک حج درخواستوں کی وصولی کیلئے شیڈولڈ بینکوں کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت 50 ہزار روپے بطور ٹوکن منی وصول کرنے کا اعلان کیا گیا اور اس فیصلہ کے نتیجہ میں آج قرعہ اندازی کر رہے ہیں جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن اور منتخب بینکوں کے ذریعہ کل 63 ہزار 604 درخواستیں موصول ہوئیں اور 40 فیصد سرکاری حج سکیم کے تحت 32 ہزار 453 کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر رہے ہیں۔
مفتی اسعد محمود نے کہا کہ حج سے متعلق ضروری اخراجات کی تفصیلات ابھی سعودی عرب سے موصول نہیں ہوئیں اور یہی وجہ ہے کہ اس حج پالیسی کی منظوری وفاقی کابینہ سے بھی نہیں لی جا سکی تھی تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مذہبی امور کی درخواست پر خصوصی انتظامات کی ہدایت کی تھی جس کے ذریعہ آج قرعہ اندازی کی جا رہی ہے، سعودی حکومت کی طرف سے لازمی حج اخراجات کے تعین کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور باضابطہ اعلان کر دیں گے اور حج پالیسی کی بھی منظوری دیدی جائے گی۔
قرعہ اندازی کے نتائج کے حوالہ سے وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ اور حج انکوائری نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے جبکہ تمام متعلقہ شیڈولڈ بینکوں کو بھی اعداد و شمار فراہم کر دیئے گئے ہیں اور عازمین حج کو بھی بذریعہ موبائل فون معلومات دے دی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ لازمی ویکسین اور 65 سال عمر کی بالائی حد کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ درخواستیں نہیں جمع کرا سکے، اس کے باوجود بڑی تعداد میں درخواست گزاروں نے سرکاری حج سکیم کا انتخاب کیا جو موجودہ حکومت پر عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ برسوں میں سعودی حکام عمر کی بالائی حد ختم کر دیں گے اور حج اخراجات پر قابو پانے اور حج کوٹہ بڑھانے میں بھی خاصی حد تک کامیابی ملے گی۔
وفاقی وزیر نے تمام عازمین حج کو درخواست کی کہ مقامی مساجد اور حاجی کیمپوں کے ذریعہ مناسک حج اور دیگر انتظامی مسائل سیکھ کر جائیں، سعودی حکام کی طرف سے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ موبائل ایپلیکشن ”اعتمرنا، توکلنا” اور عازمین حج کا استعمال سیکھ کر جائیں جس کیلئے ہر حاجی کو اپنا ذاتی سمارٹ لے جانا لازمی ہو گی۔
سعودی عرب قیام کے دوران پاکستانی سفیر کے طور پر نظم و ضبط اور شائستگی کا مظاہرہ کریں اورکورونا احتیاطی تدابیر مثلاً کھلے اور بند مقامات پر ماسک کا استعمال کریں۔ اس موقع پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ 63 ہزار 604 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 31 ہزار 453 سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستیں دینے والوں کے ناموں کا اعلان کیا جا رہا ہے جس کیلئے 26 ہزار 960 گروپس کا اعلان کیا جائے گا اور گروپ کے ایک سربراہ کا نام پورے گروپ کی نمائندگی کرے گا۔ انہوں نے حج قرعہ اندازی کے طریقہ کار سے متعلق وفاقی وزیر کو بریفنگ دی جس کے بعد وفاقی وزیر اسعد محمود نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کے ذریعہ کامیاب ہونے والے عازمین کے ناموں کا اعلان کیا۔