چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ غلط باتیں نہ پھیلائیں، کسی ادارے کا دباؤ نہیں لیا، عدالتیں آزاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے کہا کہ ہم نے کسی ادارے کا دباؤ نہیں لیا، یہ کہنا غلط ہے کہ عدالت آزاد نہیں، دباؤ میں کام کر رہے ہیں، لوگوں میں غلط باتیں نہ پھیلائیں۔ سپریم کورٹ کے تمام ججز محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہمیں روکنے کی آج تک کسی کی ہمت نہیں ہوئی، ہر فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے ججز بھی محنت کے ساتھ لوگوں کو انصاف فراہم کر رہے ہیں، کسی کے کہنے پر کبھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کا کہنا ہے کہ کسی نے میرے کام میں مداخلت نہیں کی، آئین اور قانون کے مطابق فیصلے دیئے۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے یہ بھی کہا کہ لوگ فیصلوں کو صحیح اور غلط کہتے ہیں، یہ سب کی اپنی اپنی رائے ہے، ہر ایک کو اپنی رائے کا اختیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی نے ڈکٹیشن نہیں دی، بتائیں کس کی ڈکٹیشن پر کون سا فیصلہ ہوا ہے؟ لوگوں میں غلط فہمیاں پیدا نہ کریں، غلط باتیں نہ پھیلائیں۔
کسی ادارے کا دباؤ نہیں لیا، عدالتیں آزاد ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان
20
نومبر 2021