پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کو گرفتارکرنے والے کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گا ، وہ کمبوڈیا کا پاسپورٹ بنوالے ۔
اسلام آباد میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ ’حکومت نے عمران خان کو گرفتار کیا تو پی ٹی آئی کی کیا پالیسی ہوگی؟‘ جس پر انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللّٰہ پاگل ہی ہوگا اگر عمران خان کو گرفتار کرے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آئین کےمطابق الیکشن کمیشن کو ہر وقت الیکشن کیلئے تیار رہنا چاہئے، اگر الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں کو مانا جائے تو ایک سال تک الیکشن نہیں ہوسکیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں 90 دن سے ایک بھی دن اوپر عبوری حکومت منظور نہیں، پاکستان میں 90 دن میں انتخابات کرائیں، آج انتخابات کا اعلان کریں، بیٹھ کرپاکستان کے مسائل حل کریں گے، معیشت کی تباہی سیاسی بحران کی وجہ سے آئی ہے، کہا جارہا ہے اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں، میں کہتا ہوں 48 گھنٹے بھی اس حکومت کے لیے بہت زیادہ ہیں۔