وزیراعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

16  مئی‬‮  2022

وزیر اعظم شہباز شریف اورعوامی جمہوریہ چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ کے مابین پیر کو ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین بات چیت روایتی گرمجوشی اور دوستی کے ماحول میں ہوئی جو پاک چین تعلقات کی پہچان ہے۔وزیراعظم نے چین کی حکومت اور عوام سے 26 اپریل 2022ء کو کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے گھناؤنے دہشت گرد حملے پر تعزیت کا اظہار کیا جس میں تین چینی سکالرز اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ وزیراعظم نے متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا ۔

وزیراعظم نے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور اس مجرمانہ فعل کے مرتکب افراد کو پکڑنے اور انہیں ہمارے قوانین کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے مکمل تحقیقات کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقتصادی منصوبوں اور اداروں پر پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

وزیراعظم نے چین کے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین اپنے آزمودہ اور ہر طرح کے حالات میں جاری رہنے والے تزویراتی تعاون اور اشتراک کار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے لئے چین کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور بنیادی مفاد کے تمام معاملات پر چین کی حکومت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لئے اپنی حکومت کے پختہ عزم کی توثیق کی جس نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بے پناہ تعاون کیا۔

وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کرنے کے لئے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے مابین مل کر کام کرنے اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان اور چین کی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان چینی حکام کے تجربے سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے صوبوں میں ایس ای زیز قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نے ایم ایل ون منصوبہ سمیت دونوں ممالک کے لئے سٹرٹیجک اہمیت کے حامل منصوبوں کیلئے چین کے ساتھ مل کر نئے جوش اور ولولے کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام سے عوام کے رابطوں پر زور دیتے ہوئے چینی وزیراعظم کو پاکستانی طلباء کے خاندانوں کے جذبات سے بھی آگاہ کیا جو اپنی تعلیم دوبارہ شروع کرنے کے لئے چین واپس جانے کے خواہشمند تھے۔وزیراعظم لی نے یقین دلایا کہ چین اقتصادی تعاون بڑھانے، تجارت کو وسعت دینے اور چین سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے تیار ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعظم لی کی کیانگ نے اس خیال کا اظہار کیا کہ پاک چین ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو دونوں ممالک کے عوام کے اہم مفادات کے ساتھ ساتھ تغیر پذیر علاقائی اور عالمی ماحول کے تناظر میں امن و استحکام کے وسیع تر مفادات کے لئے جاری رہنا چاہئے، اس مقصد کے لئے دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لئے رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved