پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کے مشکل فیصلوں کی ذمے داری لینے پربھی آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے پے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی اور وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم صرف پاور شیئرنگ میں ہی نہیں، حکومت کے مشکل فیصلوں کا بوجھ اٹھانے میں بھی ساتھ ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف معاشی محاذ پر نہیں بلکہ دیگر محاذوں پر بھی مشکل وقت ہے، ہمیں اس وقت اجتماعی ذمے داری لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مشکل فیصلے کرنے سے ملک بہترہوسکتا ہے اور اس کا سیاسی نقصان ہوتا ہے تو ہمیں یہ نقصان برداشت کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ لندن میں مسلم لیگ ن کے اعلی سطی اجلاس کے متعلق یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ مسلم لیگ ن معیشت کے متعلق مشکل فیصلوں کا بوجھ اکیلے اٹھانے کو تیار نہیں ہو گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے بھی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں سابق حکومت کی تباہی کا بوجھ اپنے سر لینے کی بجائے الیکشن کی طرف جانا چاہیے۔