عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی اتحاد میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔
نجی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مجھے کہا ہے کہ ہم کسی بھی وقت اپوزیشن نشستوں پر بیٹھ سکتے ہیں جب کہ آج بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی مجھے کسی کے ذریعے پیغام بھجوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم اکثریت کھو چکے، صدر مملکت ان کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں، منحرف اراکین اب ووٹ نہیں ڈال سکیں گے، ان کی شکلیں ہی اڑی ہوئی ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کو کہہ دیا گیا ہے کہ مشکل فیصلے بھی کریں اور ستمبر میں الیکشن کریں، 90 کی بجائے 120 دن ہو سکتے ہیں لیکن انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نےمقتدرحلقوں سےاپیل کی ہے کہ لانگ مارچ روکنےمیں ہماری مدد کریں، مقتدر حلقوں کو بھی کہتا ہوں سب کو الیکشن کی تاریخ پر متحد کریں، اس وقت سب کوالیکشن کی تاریخ پرمتحد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کےعلاوہ سب الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں یہ طے ہو گیا ہے نگراں حکومت نے آنا ہے اور نئے الیکشن ہونے ہیں۔