ترجمان بلوچستان فرح عظیم نے کہا ہے کہ تربت میں مکان سے خاتون کو ساتھی سمیت گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
ترجمان بلوچستان فرح عظیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تربت میں مکان سے خاتون نور جہاں اور ان کے گرفتار ہونے والے ساتھی کا تعلق بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے۔ خاتون سے خود کش جیکٹ، کلاشنکوف، 9 کلو بارودی مواد اور 6 ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار خاتون اور اس کے ساتھی سے تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمہ کے اندراج کے بعد نورجہاں اور اس کے ساتھی کا 7 دن کا ریمانڈ لیا گیا ہے۔ مارے گئے دہشتگرد اسلم عرف اچھو کی بیوی یاسمین سربراہی کر رہی ہے اور گرفتار خاتون نورجہاں کے مطابق خواتین کو خودکش حملوں کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
فرح عظیم نے کہا کہ نور جہاں کو دبئی سے ندیم نامی شخص پیسے بھیجتا تھا جبکہ برطانیہ، یورپی اور خلیجی ممالک میں بیٹھے لوگ کارروائیوں میں ملوث ہیں اور چند ایسے لوگ جو ملک میں موجود ہی نہیں ہیں۔ معصوم لوگوں کو اس طرح کی کارروائیوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے لیکن ایسی کارروائیوں میں استعمال ہونے والی خواتین اور بچوں کے برین واش کیے جاتے ہیں۔ پاکستان میں عدم استحکام کے پیچھے بھارتی ایجنسی را ہے اور بہت سے ملک پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے۔