پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوتا ہے تو پھر پاکستان میں کوئی بھی حالات کو قابو میں نہیں رکھ سکے گا۔
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال نیشنل اکاؤنٹس کے مطابق تصدیق ہوگئی کہ 6 فیصد معیشت کو فائدہ ہوا اور کچھ ماہ پہلے تیزی سے معیشت کا پہیہ چل رہا تھا۔ زراعت میں 4.4 فیصد گروتھ ہوئی جبکہ گندم، چاول، مکئی سمیت تمام فصلیں ریکارڈ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری صنعت میں بھی تیزی سے اضافہ شروع ہو گیا تھا اور پہلے 3 سال میں عمران خان حکومت میں 55 لاکھ روزگار کے مواقع ملے جب دنیا کی معیشتیں کورونا میں بیٹھ گئی تھیں تب ہمارے ہاں روزگار میں اضافہ ہوا۔
انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتری کا راستہ ہے کہ نئے انتخابات کا اعلان ہونا چاہیے اور نئے انتخابات کے اعلان سے ملک میں افراتفری کا ماحول ختم ہو جائے گا۔ کوئی سمجھتا ہے کہ کوئی دباؤ ڈال کر تحریک کو دبا سکتا ہے تو وہ بگٹی کی باتیں ذہن میں رکھے۔ بلوچستان آج بھی سنبھالا نہیں جا رہا ہے۔
عمران خان کی سیکیورٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی سیکیورٹی کا ذمہ خود پارٹی کو کہا گیا ہے جبکہ عمران خان کی سیکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔ جس دن لانگ مارچ ہو گا لوگوں کی بڑی تعداد سنبھالی نہیں جائے گی۔