پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کو روکنے کے پیش نظر بنی گالہ میں 200 سے زائد کارکنان نے انسانی حصار قائم کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ گرفتاری اور لانگ مارچ کے حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے پہلے سے ہی حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں، جس کیلئے عمران خان کی رہائش گاہ کے اطراف انسانی حصار قائم کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان ہوتے ہی یوتھ ونگ کے کارکنان عمران خان کی بنی گالا میں رہائشگاہ کے باہر پہرہ دیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان کو گرفتاری سے بچانے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے 200 سے زائد کارکنان بنی گالا پہنچ گئے ہیں، اور عمران خان کی رہائش گاہ کے اطراف میں ٹینٹ بھی لگا دئیے گئے ہیں،یوتھ ونگ کے کارکن ممکنہ گرفتاری کو روکنے اور مزاحمت کریں گے۔
بنی گالا پہنچائے گئے کارکنوں کی رہائش، کھانے پینے اور دیگر ضروریات کیلئے اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں، اس ضمن میں کارکنان کیلئےبستر، پانی کے کولر پہنچا دئیے گئے ہیں، منصوبے کے مطابق پی ٹی آئی کے 5 ہزار کارکن اسلام آباد کے مختلف حصوں میں پہلے سے پہنچائے جائیں گے، اور ممکنہ لانگ مارچ کی کامیابی اور گرفتاری روکنے کیلئے کارکنوں کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔