سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے تمام ادارے حکومت کے مشکل معاشی فیصلوں کی ذمہ داری لیں۔
نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کے ذمے بہت مشکل فیصلے آئے ہیں، مشکل فیصلے ہوں گے، اور ان کی سیاسی قیمت بھی ادا کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنا چاہیے، جس میں صدر مملکت، تمام وزرائے اعلیٰ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، سیاسی پارٹیوں کے قائدین سمیت عسکری قیادت شریک ہو، اس میں ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے رکھ کر رائے طلب کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو کچھ ہوا ہے وہ ایک دن، ہفتے یا مہینے میں نہیں ہوا، یہ اونر شپ شہبازشریف، مفتاح اسماعیل یا مسلم لیگ (ن) کی نہیں، بلکہ سب کی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ فوج سمیت تمام ادارے مل بیٹھ کر ملکی معیشت کے فیصلوں کی ذمہ داری لیں، اس ملک کے صدر سمیت سب یہ کہیں کہ ہم ان فیصلوں کی ذمہ داری لیتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہاگر یہ اونر شپ نہ ملے، تو ہمیں حکومت میں نہیں رہنا چاہیے۔