چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی عمران خان آج ملتان کے جلسے میں اسلام آباد مارچ کی تاریخ دیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی اور علاقائی قیادت اس وقت اسٹیج پر موجود ہیں۔
جلسے سے قبل اپنے بیان میں عمران خان نے کہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ تک انسانوں کا سمندر اسلام آباد سے نہیں جائے گا، ہم امپورٹڈ حکومت نہیں جلد الیکشن چاہتے ہیں، اسلام آباد مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتخابات کے ذریعے تبدیلی چاہتے ہیں اور جب تک ہمیں شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی ہم اسلام آباد سے جانے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ میں سب سے بڑا انسانی سمندر اسلام آباد آنے والا ہے اور اسلام آباد مارچ سے پہلے ملتان کا جلسہ آخری ہے اور اسلام آباد مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔ لوگ اسلام آباد مارچ کے لیے جوش اور توانائی بچائیں۔
عمران خان نے کہا کہ اپنی قوم کو دوسروں کے لیے قربان نہیں کیا جاسکتا اور ہم امپورٹڈ حکومت نہیں بلکہ جلد الیکشن چاہتے ہیں۔