سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ نے کہا ہےکہ میں آزاد حیثیت سے الیکشن جیتا تھا،مجھے منحرف نہیں کہا جا سکتا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا ہے۔
ڈی سیٹ ہونے والوں میں علیم خان، نذیر چوہان سمیت دیگر جہانگیر ترین گروپ کے ارکان شامل ہیں۔
نجی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ کا کہنا تھاکہ میں نے آزاد حیثیت میں الیکشن جیتا تھا تو لہٰذا مجھے منحرف کہا ہی نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے عمران خان کا نام ہمارے نام سے ہٹ گیا، عمران خان نے جہانگیر ترین جیسے محسنوں کو بھی نہیں بخشا۔
اجمل چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نالائقی کے باعث ان کےسب ساتھیوں نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا ہے، یہ شخص ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقے کی بہتری کیلئے میں نےعمران خان کا ساتھ دیا تھا مگر وہ مہنگائی کا طوفان لے آیا۔