وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے آئندہ سمارٹ سلیبس کا اصول نہیں اپنایا جائے گا مکمل سلیبس پڑھایا جائے گا اور اسکے مطابق امتحانات لئے جائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کورونا وبا نے جہاں دنیا بھر میں معاشرتی اورمعاشی طور پر نقصان پہنچایا وہاں تعلیم وتحقیق کے فروغ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز ( آئی بی سی سی ) کے اجلاس کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ امتحانات بھی وقت پر لیے جائیں گے۔ تاہم اگر میٹرک اور انٹر کی سطح پر اسکولوں اور کالجوں میں سلیبس مکمل کرنے میں مزید وقت درکار ہوا تو امتحانات آگے بڑھائے جاسکتے ہیں تاہم کسی بھی صورت سلیبس کو مختصر نہیں کیا جائے گا۔
شفقت محمود نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سےمتعلق صورتحال میں بہتری آنے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا اب نہ شارٹ سلیبس ہوگا اور نہ امتحانات کا سیٹ اپ شارٹ ہوگا اور آئندہ سال نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کلاسز کے سالانہ امتحانات بالترتیب مئی اور جون میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال مئی اور جون میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے فیصلے کو اساتذہ، والدین اور طالب علموں نے سراہا ہے۔
خیال رہے اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ امتحانی اصلاحات نافذ کی جائیں اور ایس ایل او اسٹوڈینٹ لرننگ آئوٹ کم کے تحت امتحانی پرچے بنائیں اور چیک کیے جائیں تو اس طرح کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اب نہ تو اضافی مارکس دیے جائیں گے اور نہ ہی سلیبس مختصر ہوگا۔
آئندہ سال سلیبس نہ مختصر ہوگا اور نہ ہی اضافی نمبرز دئیے جائیں گے، شفقت محمود
21
نومبر 2021