وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے امریکا اور یورپ کی جانب سے پاکستان میں مذہب کی جبری تبدیلی کا الزام مسترد کر دیا۔
طاہر اشرفی علما کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ظلم و بربریت کے مناظر کیوں نظر نہیں آتے پاکستان اقلیتوں کیلئے جنت ہے۔ پاکستان میں بعض این جی اوز اور اینٹی پاکستان لابی مذہب کی جبری تبدیلی اور اقلیتوں کو مسلم بنانے کیلئے شادیوں پر جو پروپیگنڈا کیاجاتاہے اسے مسترد کرتے ہیں۔
امریکہ کی وزارتِ خارجہ نے دنیا کے ایسے 10 ممالک کی فہرست جاری کی ہے جہاں مذہبی آزادی سے متعلق خصوصی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ان ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے۔ پاکستان نے امریکہ کی جانب سے مذہبی آزادیوں کی خلاف ورزیاں کرنے والے ممالک کی فہرست میں نام شامل کرنے کو مسترد کرتے ہوئے اسے معروضی حقائق کے برعکس قرار دیا ہے۔عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہر معاملے پر تعمیری انداز میں دو طرفہ بات چیت ہوتی رہتی ہے، لیکن یہ بات قابلِ افسوس ہے کہ اس معاملے میں ان رابطوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
دفترِخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے اور انھیں یقینی بنانے کے لیے قانونی اور انتظامی سطح پر اقدامات کیے گئے ہیں۔