کراچی میں پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان کے گھر پر پولیس کی بھاری نفری نے مبینہ طور پر چھاپہ ماراتاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
تحریک انصاف کے رہنما ارسلان تاج نے دعویٰ کیا ہےکہ عالمگیرخان کے کراچی میں گھرپرپولیس نے چھاپہ مارا جس میں 20 سے زائد پولیس موبائلیں عالمگیر خان کے گلشن اقبال بلاک 7 میں قائم گھر پر آئیں۔
ارسلان تاج نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے عالمگیر خان کے گھر کی تلاشی لی جس دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا گیا تاہم چھاپے کے وقت رکن قومی اسمبلی گھر پر موجود نہیں تھے۔
پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں کا کہنا تھاکہ پولیس عالمگیر خان کی گرفتاری کا وارنٹ دکھائے ہم خود عالمگیر کو پیش کریں گے۔دوسری جانب سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ چھاپے اور گرفتاریوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لکھا کہ راجہ ریاض کااپوزیشن لیڈر بننا اس اہم عہدے کی توہین ہے، امپورٹڈ حکومت مسلسل لوٹا کریسی کو فروغ دے رہی ہے جو ملکی سیاست کے لیے درست عمل نہیں۔