پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچادیا گیا، شیریں مزاری کو خاتون پولیس اہل کار لے کر عدالت پہنچیں۔
ڈاکٹر شیریں مزاری کمرہ عدالت میں ایمان مزاری کے ہمراہ موجود ہیں۔ اس موقع پر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ میرا فون ابھی تک واپس نہیں کیا گیا۔
ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کا آغاز ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شیریں مزاری کو رات ساڑھے گیارہ بجے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
یاد رہے کہ آج سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، شیریں مزاری پر مقدمہ 11 مارچ 2022ء کو درج کیا گیا،جس کا شکایت نمبر 1272 ہے۔ مسودے کے مطابق ڈپٹی کمشنر راجن پور کی درخواست پر یہ مقدمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے اسسٹنٹ کمشنر راجن پور کی شکایت پر درج کیا۔