وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کیلئے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی، الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے والی سیاسی جماعتوں کیخلاف حرکت میں آگیا، موجودہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو نوٹسز جاری کردیئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کو 14 مئی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو 13 جون تک پارٹی انتخابات کرانے کی مہلت دیدی۔وزیراعظم شہباز شریف کو بطور صدر مسلم لیگ ن جاری کئے گئے شوکاز نوٹس میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ن لیگ 13 مارچ تک پارٹی انتخابات کرانے کی پابند تھی، اسے 14 مئی تک کی حتمی مہلت دی جاتی ہے۔
نوٹس کے مطابق ن لیگ کو 21 مئی تک انٹرا پارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا تھا جو نہیں کرایا گیا۔الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو جاری حتمی نوٹس میں ہدایت کی ہے کہ 13 جون تک انٹراپارٹی انتخابات کرائے جائیں۔ای سی پی نے واضح کردیا ہے کہ پارٹی الیکشن نہ کرانیوالی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ نہیں ہوگا۔