تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نے 25اپریل کواسلام آباد لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا، امپورٹڈ حکومت سے نجات کے لیے لانگ مارچ کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلی محمود خان، سابق وفاقی وزرا پرویز خٹک، علی امین گنڈاپور، سابق گورنر شاہ فرمان، عمران اسماعیل، عاطف خان، اسدعمر اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد آزادی مارچ کی تاریخ اور مقام کا تعین کیا گیا کہ مارچ کا آغاز کن شہروں سے کیا جائے۔
اجلاس کے بعد رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکا نے ہماری حکومت گرانے کی سازش کی، یہ سازش میرے خلاف نہیں پورے پاکستان کے خلاف کی گئی ہے، ہم نے پوری کوشش کی تھی کہ سازش کامیاب نہ ہو لیکن بدقسمتی سے ہم اس سازش کو نہیں روک سکے۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ہمیں ملک دیوالیہ حالت میں ملا، چار سال میں ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر لانے کے لیے کوشش کیں، ہماری حکومت اس وقت گرائی گئی جب ملک ترقی کی راہ پر لگ چکا تھا، 8 ماہ قبل حکومت تبدیلی کے لیے امریکا نے کرپٹ ترین لوگوں کو اپنے ساتھ ملایا، نئی حکومت کے لوگوں کا تجربہ صرف کرپشن کرنے اور انتقام لینے میں ہے۔