وزیراعظم محمدشہبازشریف کوصوبہ بلوچستان کے علاقہ شیرانی میں جنگلات میں لگی آگ بارے رپورٹ پیش کردی گئی ہے جس میں متاثرہ علاقے میں جاری آپریشن کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں۔
گزشتہ روز لاہورمیں ایک اجلاس کے دوران وزیراعظم محمدشہبازشریف نے متعلقہ حکام کو آگ پرقابوپانے کیلئے کوششیں تیز کرنے اوراس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔ وزیراعظم میڈیا آفس کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وفاقی اورصوبائی محکموں پرمشتمل ٹیم کاقیام عمل میں لایاگیاہے، اس کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات نے صورتحال پرنظررکھنے کیلئے ایک کنٹرول روم قائم کردیاہے جبکہ ژوب کے کمشنرنے متاثرہ علاقہ میں ہنگامی حالت نافذکردی ہے۔وزیراعظم کے پاس جمع رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری جنگلات، اورپی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹرجنرل نے متاثرہ علاقہ کا دورہ کیاہے، مختلف ٹیموں کے 300 اہلکار شیرگلی، زرغون زاور، تورگڑھ اورتکئی کے علاقوں میں آگ بھجانے کے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی اوروفاقی وزیرمولاناعبدالواسع نے ژوب میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں وزیراعلیٰ، وفاقی وصوبائی حکام اوربارہویں کورکے کمانڈرنے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ضلع شیرانی میں سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات کی قیادت میں ٹاسک فورس کاقیام عمل میں لایاگیاہے ، اس کے علاوہ ویلیج اینڈ ایریا فائیرکنٹرول کمیٹیوں کے قیام کیلئے نوٹیفکیشن بھی جاری کیاگیاہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آگ کے پھیلاؤ پرقابوپانے کیلئے پی ڈی ایم اے آگ بجھانے والے آلات اورریسکیوگاڑیاں فراہم کررہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ این ڈی ایم اے بھی ضروری آلات فراہم کررہی ہے، پاک فوج نے جاری آپریشن کیلئے دوہیلی کاپٹردئیے ہیں جبکہ آرمی بیس کیمپ کا قیام بھی عمل میں لایاگیاہے۔