وزیر خارجہ بلاول بھٹو ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے

22  مئی‬‮  2022

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ورلڈ اکنامک فورم 2022ء کے صدر کی دعوت پر23 سے26 مئی 2022ء تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہوں گی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے  جاری اعلامیے کے مطابق اس سال اس فورم کا انعقاد تھیم، ہسٹری ایک اہم موڑ پر حکومتی پالیسیاں اور کاروباری حکمت عملی کے موضوع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ اور وزیر مملکت دونوں عصری عالمی اور علاقائی مسائل پرڈبلیو ای ایف کی متعدد تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی پیشرفت کے معاشی اور سماجی اثرات کے ساتھ کورونا اور  وبائی مرض، خوراک اور توانائی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔

وزیر خارجہ عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شریک اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقات کریں گے اور میڈیا سے بات چیت بھی کریں گے۔ورلڈ اکنامک فورم ہر سال سیاسی اور کاروباری رہنماؤں  کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی اور دنیا بھر سے نوجوانوں کی نمائندگی کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ معاشی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے مواقع کی نشاندہی کی جا سکے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved