وفاقی وزیربرائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی اس وقت ملک دشمن لابی کی سیاست کر رہے ہیں،وہ قومی ادارے اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں مگر ان کی یہ کوشش ناکام ہو گی ،عمران نیازی ہمارے نوجوانوں کو ذہنی غلام بنانا چاہتے ہیں۔
ہائر ایجوکیشن سیرت سنٹر برائے جینڈر سٹڈیز ورائٹس فاروویمن کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی اپنے ہی ملک کے خلاف ہائی برڈ وار کا ٹول استعمال کرکے عوام میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ قومی ادارے اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کی جا سکے مگر ان کی یہ مذموم کوشش ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ہمارے نوجوان کو ذہنی غلام بنا رہا ہے ،انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جس ملک کے پاس ایٹمی طاقت ہے وہ غلام نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوری طریقے سے حکومت تبدیل ہوئی ہے جس کا عمران نیازی کو افسوس ہے، لانگ مارچ کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ملک دشمن معاہدہ کر گئی اورعوام پر جو بوجھ چار سالوں میں ڈالا گیا اس کو کم کرنے میں وقت لگے گالیکن حکومت عوام کو جلدریلیف دینے میں کامیاب ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت جو بے یقینی کا ماحول ہے یہ گزشتہ چار سال کا تسلسل ہے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی اور اس کے وزیروں کو گیس، بجلی اور پٹرول بحران کا جواب دینا پڑے گا، سابق حکومت نے گوادر بندر گاہ کو تباہ کر دیا،2020ء تک نو صنعتی زون تیار کرنا تھے لیکن افسوس کہ اب تک ایک بھی صنعتی زون مکمل نہیں ہو سکا، حکومت درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے اور جلد چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔