پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پاگیا

22  ‬‮نومبر‬‮  2021

پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ، جس کے تحت پاکستان کو ایک ارب5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی اگلی قسط جاری کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اورآئی ایم ایف کےدرمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے ہوگیا، جس میں آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نےجون تک کے کارکردگی اہداف بڑے مارجن سے پورےکیے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ فنڈ نے انسداد منی لانڈرنگ کو بہتر بنانے اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے نظام سے نمٹنے میں پاکستان کی پیش رفت کا بھی اعتراف کیاہے۔
آئی ایم ایف کا کہناہے کہ قرض پروگرام کی بحالی پیشگی شرائط پر عمل درآمد سے مشروط ہوگی، حکومتی اداروں میں کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا،حکومتی اداروں کی استعداد، گورننس میں بہتری اور شفافیت کی ضرورت ہے، ٹیکس بیس مزید بڑھانے اور ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے جب کہ پاکستان کو اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر ٹیرر فنانسنگ ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرنا ہو گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ اسٹیٹ بینک کو خود مختار کرنے کے بل کو سراہا گیا، برآمدات کو بڑھانے کے لیے بہتر قانون سازی کی جائے، سروسز کی سپلائی بہتر کرنا ہوگی، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہوگا جب کہ تعلیم اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق چھٹے جائزے کے تکمیل کی حتمی منظوری ایگزیکٹوبورڈ سے لی جائےگی، پاکستان کومالی ادار ہ جاتی اصلاحات سے متعلق پیشگی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔پاکستان کو ایک ارب5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی اگلی قسط جاری کی جائے گی جبکہ پاکستان کو دیگر ممالک اوراداروں سے فنڈنگ کے حصول میں مدد ملے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved