حریت رہنما یاسین ملک کو سزا دینے کیخلاف بلاول بھٹو کااقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط

24  مئی‬‮  2022

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حریت رہنما یاسین ملک کو سزا دینے سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھ دیا ہے جس کا مقصد بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی جموں و کشمیر میں خطرناک صورتحال سے متعلق عالمی برادری کی توجہ دلانا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مچل بیچلٹ کو یہ خط بالخصوص اس تناظر میں لکھا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں اور ان کے قائدین کو دبانے کیلئے جھوٹے مقدمات میں سزا دلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یاسین ملک کیخلاف جھوٹے الزامات پر مقدمہ چلانا اور سزا دینے کا مقصد انہیں انسانی حقوق کے علمبردار اور سیاسی کارکن کے طور پر خاموش کرانا ہے اور کشمیریوں کو ان کی حقیقی قیادت سے محروم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی روئیے کے دستاویزی ثبوتوں سے یاسین ملک کے عدالتی قتل کا خطرہ موجود ہے۔ انہوں نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں 2019ء سے اب تک یاسین ملک کو قید رکھنے اور وہاں کی غیر انسانی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔ پریشان کشمیریوں کو قابض بھارتی حکومت کے ہاتھوں مسلسل جھوٹے مقدمات کا سامنا ہے اور وہ بھارتی غاصبانہ قبضے سے چھٹکارہ کیلئے اقوام متحدہ کی طرف دیکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر اور انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ وہ مقامی کشمیری قائدین کو جھوٹے مقدمات بالخصوص یاسین ملک کے ساتھ بہیمانہ سلوک کو فوری بند کیا جائے جو کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پرامن جدوجہد آزادی کی قیادت کر رہے ہیں۔ بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ یاسین ملک پر تمام بے بنیاد الزامات ختم کر کے ان کو بری کریں اور ان کی قید سے فوری رہائی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنے خاندان سے مل کر معمول کی زندگی گزار سکیں۔

بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ کشمیری سیاسی قائدین اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو رہا کرے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved