وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ اسمبلی سے جلد منظور کرانے اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقادکیلئےقانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی قیادت کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔
اس کے ساتھ وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات کیلئے مضبوط پارٹی امیدوار تلاش کرنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ خان نیازی ،عامر کیانی اور وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کو شامل کیا گیا ہے۔ عمران خان نے مذکورہ کمیٹی کو امیدواروں کے انتخاب، پارٹی ٹکٹس کی تقسیم اور ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے تجاویز تیار کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
بلدیاتی انتخابات کیلئے بنائی گئی کمیٹی تمام ریجن کے صدورسے بھی مشاورت کرسکے گی، کمیٹی کوپنجاب میں میئرز اور ضلع کونسل کے چیئرمینوں کیلئے پارٹی کے مضبوط امیدوار تلاش کرنے کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔