قطری بحریہ کے چیف کا نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ

22  ‬‮نومبر‬‮  2021

کمانڈر قطر امیری نیول فورسز اسٹاف میجر جنرل عبداللہ بن حسن الصلیطی نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔

 نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈر قطر امیری نیول فورسز کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان کا نیول ہیڈکوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں بحری سیکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی حمایت میں پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔ بعدازاں، کمانڈر قطر امیری نیول فورسز کو پاک بحریہ کے کردار اور آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کمانڈر قطر امیری نیول فورسز کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحریہ کے درمیان بالخصوص دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved