وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں جاپان کے سفیرمٹسوہیروواڈا کی ملاقات

27  مئی‬‮  2022

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد –  (اے پی پی): وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات کی 70 ویں سالگرہ رواں سال منائی جا رہی ہے۔ اس مناسبت سے خصوصی تقریبات کے انعقاد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان اور جاپان کے خصوصی تعلقات کا مظہر ہے۔

جاپان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے تجارت، ترقی، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلی اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں سماجی و اقتصادی اور ترقی کے شعبوں میں بامعنی تعاون اور اشتراک کار کیلئے جائیکا (جے آئی سی اے) کے جاری پروگراموں کو سراہا۔

پاکستان میں کاروبار دوست مواقع کیلئے اپنی حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کیلئے جاپان کی مزید کمپنیوں کو دعوت دی۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت جاپانی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔

جاپان کے سفیر واڈا نے جاپان کے پاکستان کے ساتھ طویل المدت دوطرفہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے مشترکہ مقاصد اور اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے 15 اگست 2021ء  کے بعد افغانستان سے جاپانی شہریوں کے انخلا کیلئے پاکستان کی طرف سے فراہم کی گئی سہولت کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح وفود کے تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جاپان کے وزیراعظم کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved