امریکہ کیساتھ ماضی کے اختلاف کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھا جا سکتا ہے، وزیر خارجہ

27  مئی‬‮  2022

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور امریکہ کے تناؤ  کا شکارتعلقات کو باہمی رابطوں کے ذریعے ازسر نو معمول پر لانےکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کے اختلاف کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ گزشتہ ہفتے نیویارک میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ملاقات میں تجارت، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور فوڈ سیکیورٹی پر تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

واشنگٹن –  (اے پی پی):  وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا انٹرویو کرنے والے اخبار کے نامہ نگار جوش روگن نے اخبار کے جمعہ کے ایڈیشن میں اپنے کالم میں وزیر خارجہ کے ساتھ گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کی طرف اشارہ دیا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو امریکہ پاکستان تعلقات کو درست سمت میں گامزن کرنے کی ایک اور جستجو کیلئے گزشتہ ہفتے امریکہ آئے تھے۔

صحافی نے امریکی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ پاکستانی وزیر خارجہ کی بات پر توجہ دے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری17 مئی کو اقوام متحدہ میں غذائی تحفظ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آئے تھے اس دورے کے دوران انہوں نے امریکی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی تھی۔ امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک بڑا نان نیٹو اتحادی، دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ آبادی والا ملک اور ایک جوہری طاقت سے لیس ملک ہے جو تزویراتی طور پرچین، بھارت، افغانستان اور ایران کے درمیان واقع ہے۔

امریکی صحافی کے مطابق واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان برسوں کے باہمی عدم اعتماد کے بعد دونوں ملکوں کو تعلقات کو بحال کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ نامہ نگار کا کہنا کہ تعلقات کو دوبارہ بہتر کرنے کی کوشش کرنے کی بنیادی دلیل درست ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا خیال ہے کہ دونوں ملک ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے تعلقات کو مزید خراب کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں حقیقت میں انقلاب کی بجائے ارتقا پر یقین رکھتا ہوں۔

امریکی صحافی کے مطابق قلیل مدتی توقعات کو کم کرنے اور بڑھتی ہوئی پیشرفت پر توجہ دینے کی حکمت عملی کا اطلاق پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر بھی ہوسکتا ہے، اگرچہ عمران خان کے پاکستان کی سیاست میں امریکی مداخلت کے الزامات مضحکہ خیز ہیں لیکن وہ امریکہ دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی جڑیں پاکستانی سیاست کے کچھ حصوں میں گہری ہو چکی ہیں۔ اسی طرح واشنگٹن میں امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کوئی مضبوط ملکی سیاسی حلقہ نہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ سوچنے کی وجوہات ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو بہتر بنانا ممکن ہے، دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی تنازعہ افغانستان کی جنگ رہا ہے، اب جبکہ صدر جو بائیڈن نے گزشتہ سال فوج کا انخلاءعمل میں لایا جو اب تعاون کی وجہ بن سکتا ہے، اب افغانستان میں پاکستان اور امریکہ کے مفادات بڑی حد تک طالبان کو بہتر برتائو کرنے اور افغان عوام میں استحکام لانے کی ترغیب دینے کے ارد گرد منسلک ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اب ہم ماضی کے اختلاف کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ سکتے ہیں، اب کام کرنے کی زیادہ مشترکہ گنجائش موجودہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے نیویارک میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ملاقات میں تجارت، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور فوڈ سیکیورٹی پر تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved