جب بھی مریم یا نوازشریف کے کیسز چلنے لگتے ہیں تو کوئی لیک آجاتی ہے، لیکن رسیدیں نہیں آتیں، فواد چوہدری

22  ‬‮نومبر‬‮  2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جب بھی نواز شریف یا مریم نواز کے عدالتوں میں کیسز چلنے لگتے ہیں تو کوئی آڈیو ویڈیو لیک آ جاتی ہے، لیکن اگر نہیں آتی تو رسیدیں نہیں آتیں، جن کا پوری قوم کو انتظار ہے۔

آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ پانامہ سکینڈل میں دنیا کے بدترین حکمرانوں کے نام آئے، نواز شریف کا نام بھی ان میں شامل تھا، شریف خاندان نے لندن اپارٹمنٹس کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا، لندن میں ان کے چار اپارٹمنٹس موجود ہیں جہاں شاید برطانیہ کا وزیراعظم بھی اپارٹمنٹس نہ خرید سکے، مریم نواز نے اس وقت کہا تھا کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، انہوں نے کیلبری فونٹ کی جعلی دستاویزات پیش کیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان فلیٹوں کی تحقیقات میں یہ پارلیمان، سپریم کورٹ، عوام، میڈیا، ٹرائل کورٹ میں ایک درست ثبوت بھی نہیں پیش کر سکے، عدالتوں نے انہیں کئی مواقع دئیے، لیکن ان کے پاس ثبوت ہوتے تو یہ پیش کرتے، اسی دوران عمران خان نے 40 سال پرانی رسیدیں عدالت میں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے سیکشن 9 میں درج ہے کہ اگر کوئی اپنی جائیداد ثابت نہ کر سکے تو یہ کرپٹ پریکٹس ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کی کرپشن کا بچے بچے کو پتہ ہے۔

الیکشن کمیشن ای وی ایم کے ذریعے شفاف انتخابات کی ذمہ داریاں پوری کرے

وفاقی وزیر اطلاعات  نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے حوالے سے قانون موجود ہے، الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے شفاف انتخابات کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو پاسپورٹ بنانے سے متعلق معاملات کو آسان بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کے حوالے سے مسائل پیش نہ آئیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام منظور ہو گیا ہے، پاکستانی معیشت کو استحکام ملا ہے، اچھی خبریں بھی آ رہی ہیں، پارلیمان نے ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے حوالے سے بل بھی منظور کرلئے ہیں۔

 

 

اپوزیشن عدلیہ اور فوج کے خلاف مہم بند کرے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن عدلیہ اور فوج کے خلاف مہم بند کرے، ہمارے آئین میں ان دونوں اداروں کو تحفظ اور احترام حاصل ہے، اپوزیشن اپنے سوشل میڈیا اور کبھی اپنے لیڈران کے ذریعے دونوں اداروں کو نشانے پر رکھے ہوئے ہے جو غیر مناسب ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب نے میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں مریم نواز کے پروگرام کی فنڈنگ کے بارے میں اسٹیٹ بینک کو خط لکھا ہے، جس طریقے سے اس پروگرام کی فنڈنگ ہوئی اس پر جامع تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ایف آئی اے بھی اپنی رپورٹ بنائے گی، قانون کے مطابق اس پر کارروائی ہوگی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved