آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اگر افغانستان میں صورت حال مزید بگڑتی ہے تو دوسرے نتائج سمیت افغان پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امورکمیٹی کے چیئر مین گریگوری میکس نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک امریکا تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، خطے کے تمام ممالک کیساتھ باہمی تعلقات چاہتے ہیں۔ افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کیلئے عالمی برادری کو توجہ دینا ہو گی۔ عالمی برادری افغانستان میں معیشت اورعوام کی بہتری کیلئے کرداراداکرے۔
آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں عالمی سطح پر ہم آہنگی کی ضرورت ہے تاکہ افغان عوام کی معاشی ترقی کیلئے مربوط کوششوں کے ساتھ مل کر انسانی بحران سے بچا جا سکے۔