ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بےبنیاد، من گھڑت ہے، دفتر خارجہ

23  ‬‮نومبر‬‮  2021

پاکستان دفتر خارجہ کی جانب سے فروری2019ء میں پاکستان کا ایف 16طیارہ مارگرانے کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا گیا، ترجمان نے کہا کہ شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ ایف سولہ طیارہ گرانے کا بھارتی دعوی بےبنیاد، من گھڑت ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی پائلٹ کی گرفتاری سے پہلے ایف 16جہاز گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے، ابھینندن کو ایوارڈ دینے کا مقصد بھارتی عوام کی اصل حقائق سے توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دینا اپنی عوام کو خوش کرنا اور خفت مٹانا ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو 2 بھارتی جہازوں کو دن میں مار گرایا تھا، ایک بھارتی مگ21 طیارہ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں تباہ کیا گیا۔ اسی دن بھارتی فوج نے خوف کے باعث اپنا ہی ایم آئی17 ہیلی کاپٹر سری نگرکے قریب مار گرایا۔عاصم افتخار نےکہا کہ پہلے بھارتی فوج نے اس سے انکار کیا بعد میں اپنی غلطی کو تسلیم کر لیا، تباہ شدہ بھارتی جہاز کے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑ کر جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا تھا، بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانا اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود امن کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ  بین الاقوامی ماہرین اور امریکی حکام نے تصدیق کی تھی کہ اس دن کوئی ایف 16 طیارہ نہیں مار گرایا گیا، بین الاقوامی اور امریکی ماہرین نے طیاروں کے اسٹاک کا بغور جائزہ لے کر طیارہ نہ گرائے جانے کی تصدیق کی تھی لہذا بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی کنڈکٹ اور اقدار کے منافی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved